اضلاع کی خبریں 15.7.2013

جاوید اقبال گھُمن نے گیپکو کے نئے چیف ایگزیکٹوکے عہدہ کا چارج سنبھا ل کر کام شروع کر دیا ہے
گوجرانوالہ(جی پی آئی)جاوید اقبال گھُمن نے گیپکو کے نئے چیف ایگزیکٹوکے عہدہ کا چارج سنبھا ل کر کام شروع کر دیا ہے۔اس سے قبل وہ گیپکو میںچیف انجینئر پلا ننگ کے عہدہ پر فائز تھے۔انکا شمار انتہائی محنتی ،دیانتدار ،فرض شناس اور پروفیشنل انجینئرز میں ہوتا ہے۔ جاوید اقبال گھُمن نے مئی1980ئ میں واپڈا کو بطور ایس ڈی او جوائن کیا اور اب تک وہ لاہور،حیدر آباد، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ جیسے بڑے شہروں میں مختلف کلیدی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ وہ اپنی سروس کا زیادہ تر حصہ گیپکومیں تعینات رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اعوان ویلفیئر سوسائٹی ضلع گوجرانوالہ کا ایک اہم اجلاس صوبائی جنرل سیکرٹری ملک مشتاق احمد اعوان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا
گوجرانوالہ(جی پی آئی) اعوان ویلفیئر سوسائٹی ضلع گوجرانوالہ کا ایک اہم اجلاس صوبائی جنرل سیکرٹری ملک مشتاق احمد اعوان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا ،جس میں اعوان برادر ی کے مختلف طبقہ فکر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی میٹنگ میں متفقہ طور پر ملک محمد جمیل اعوان کو اعوان ویلفیئر سوسائٹی ضلع گوجرانوالہ کا صدر نامزد کردیا گیا ۔اس موقع پر ملک عبدالستار اعوان ایڈووکیٹ،پروفیسر ڈاکٹر ممتاز احمد اعوان، حاجی عابد حسین اعوان ایڈووکیٹ، ملک مشتاق احمد اعوان ،ملک فرید اعوان اور ملک ظہیر خالد اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک محمد جمیل اعوان کی اعوان برادری کے لئے نمایاں خدمات کے صلے میں انہیں صدر نامز کیا ہے امید ہے کہ وہ اعوان برادری کی فلاح و بہبود کے لئے بھر پور کردار ادا کریں گے ۔اس موقع پرنامزد صدر ملک محمد جمیل اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برادری نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے انشاء اللہ وہ اس پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور برادری کی فلاح و بہبود کے لئے دن رات ایک کردیں گے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حاجی غلام مصطفےٰ کی بیگم اروپ میں انتقال کر گئیں
گوجرانوالہ(جی پی آئی)ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد اشفاق رضا کی بھابھی اور حاجی غلام مصطفےٰ کی بیگم اروپ میں انتقال کر گئیں مرحومہ کو مقامی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
منتخب نمائندوں کی چشم پوشی واسا اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی عدم دلچسپی نے کلر آبادی یونین کونسل 83 کو لاوارث بنا دیا
گوجرانوالہ(جی پی آئی) منتخب نمائندوں کی چشم پوشی واسا اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی عدم دلچسپی نے کلر آبادی یونین کونسل 83 کو لاوارث بنا دیا، یونین کونسل کا قبرستان اور جنازہ گندے پانی کی لپیٹ میں لوگ بازار میں جنازہ پڑھانے پر مجبور ، کئی قبریں زمین بوس ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق یونین کونسل 83 کلر آبادی جو کہ وزیر مملکت برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس عثمان ابراہیم اور رکن صوبائی اسمبلی محمد نواز چوہان کا حلقہ انتخاب عرصہ دراز سے نکاسی آب کے مسئلے سے دو چار ہے، یونین کونسل کا قبرستان اکثر زیر آب رہنے کی بناء پر وہاں میت کو لے جانا اور دفنانا انتہائی کٹھن اور مشکل ترین ہو کر رہ گیا۔ گذشتہ دنوں مسلسل کھڑے پانی اور ٹوٹے پھوٹے بازار کی بدولت جنازہ گرنے کا واقع بھی رونما ہوچکا ہے، منتخب نمائندوں کو بارہا مرتبہ کی درخواستیں اور لوگوں کے وفوداپنی مشکل کا احساس نہ دلا سکے۔ ملک شوکت حیات لیبر کونسلر، محمد رشید قصاب، چوہدری محمد حسین گجر، شیخ ذکاء اللہ، محمد امتیاز چوہان، محمد حفیظ طور چیئرمین زکوٰة و عشر کمیٹی، حاجی محمد طارق طور، عرفان سرور باجوہ، محمد نواز قصاب، شوکت علی، قاری محمد عدیل رضوی نے سروے ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نو منتخب اراکین اسمبلی کے سابقہ دور سے ہم اُنھیں اپنی مشکلات بتا رہے ہیں مگر ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رنگ رہی، اس کے علاوہ ای ڈی او سالڈ ویسٹ اور واسا کو بھی درخواستیں دیں گئیں مگر ماسوائے طفل تسلیوں اور آنکھوں میں دھول جھونکنے کے کچھ ہاتھ نہیں آیا۔اُنھوں نے مزید کہا کہ اگر اب بھی ہماری تکالیف کا اَزالہ نہ کیا گیا تو پھر ہم احتجاج اور مزاحمت کا راستہ اختیار کریں گے کیونکہ برداشت کی بھی ایک حد ہوتی ہے اور ہماری حد اب ختم ہورہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ماہ مقدس میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے:مولانا صفدر گھمن قاسمی
گوجرانوالہ (جی پی آئی)جمعیت علماء اسلام (س) کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا صفدر گھمن قاسمی نے کہا ہے کہ ماہ مقدس میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے، غریب عوام کے لئے سحروافطاری کے لئے اشیاء ضروریہ کا خریدنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔ سستے بازار ناقص اشیاء کا مرکز اور ناجائز منافع خوراور ذخیرہ اندوز لوگوں سے مرضی کی قیمتیں وصول کرکے دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چندداقلعہ میں کارکنوں کے اجتماع اور کھیالی شاہ پور میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا صفدر گھمن قاسمی کا کہنا تھا کہ سحری،افطاری اور تروایح میں بدترین لوڈ شیڈنگ سے روزہ داروں کو عبادت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن مہم کے دوران سابق حکمرانوں کو تنقید کا نشانہ بنانے والے آج رمضان المبارک میں18کروڑ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے سستے بازار قائم کرکے صرف دکانداری چمکائی، ا س سے عوام کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب حکومت نے مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے مافیا کی سرکوبی کیلئے ضلعی انتظامیہ کو فری ہینڈ دے دیا ہے:محمد نواز چوہان
گوجرانوالہ (جی پی آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب رمضان بازار مانیٹرنگ ٹیم کے ممبر و ایم پی اے حاجی محمد نواز چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے مافیا کی سرکوبی کے لئے تمام ضلعی انتظامیہ کو فری ہینڈ دے دیا ہے تاکہ رمضان المبارک کے تقدس کو داغدارکرنے والے عناصر کو سرعام سزا دے کر دوسروں کے لئے سبق آموزبنایا جاسکے، رمضان بازاروں میں فراہم کی جانے والی اشیاء کی کوالٹی پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہین آباد اور دھلے میں قائم رمضان بازاروں کی چیکنگ کے موقع پر عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حاجی نوازچوہان نے کہا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف نے پنجاب کو فلاحی صوبہ بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی ہے ، اس سلسلے میں اربوں روپے کی سبسڈی اس بات کی دلیل ہے ـ انہوں نے کہا کہ گلی محلوں میں قائم منی رمضان بازاروں کی بھی سختی سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، ذخیری اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کا خاتمہ کرکے ہی عوام کو حقیقی ریلیف مہیا کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر بیرسٹر عمر نواز چوہان ودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہے: رضوان اسلم بٹ
گوجرانوالہ (جی پی آئی)حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہنگامی اقدامات کررہی ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال اضافی فنڈ مختص کیا گیا ہے۔ اِن خیالات کا اظہار سابق آزاد امیدوار پی پی 91، عوامی خادم رضوان اسلم بٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام نہ دی تھیں بلکہ مہنگائی کے انبار لگا دئیے تھے، حکمرانوں نے ملکی وسائل کو بے دردی سے لوٹا جس کی وجہ سے ملک میں بحرانوں کا جنم ہوا۔ تاہم ن لیگ کی حکومت نے مثبت پلاننگ سے نہ صرف معیشت کو سہارا دیا بلکہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے بھرپور جدوجہد کررہی ہے۔ رضوان اسلم بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے رمضان سستا بازاروں میں سہولیات کی فراہمی قابل ستائش ہیں اور انہوں نے حقیقی معنوں میں خادم پنجاب ہونے کا حق ادا کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ن لیگ کی سیاست کا مرکز جھوٹ اور فریب ہے: رانا ناصر محمود
گوجرانوالہ (جی پی آئی)صدر فائونڈرز و یونٹی گروپ چیمبر آف کامرس اور رہنما تحریک انصاف ضلع گوجرانوالہ رانا ناصر محمود نے کہا ہے کہ ن لیگ نے اپنے تمام وعدوں کی پاسداری نہ کرتے ہوئے ملک کو اندھیروں میں ڈبو دیا ہے۔ رمضان المبارک میں شدید لوڈشیڈنگ روزے داروں پر ظلم کی انتہا ہے۔ وزیر پانی و بجلی کا تین سال تک لوڈشیڈنگ ختم نہ ہونے کا اعتراف اور وزیراعظم میاں نواز شریف کا لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی حتمی تاریخ کے اعلان سے اجتناب کرنا ن لیگ کے تمام وعدوں کا پول کھل گیا ہے۔ رانا ناصر محمود نے کہا کہ ن لیگ کی سیاست کا مرکز جھوٹ اور فریب ہے۔ رمضان المبارک میں سستے رمضان بازار بھی مذاق بنے ہوئے ہیں۔ حکومتی نمائندے صرف ان بازاروں میں فوٹو سیشن کرانے میں مصروف ہیں۔ عملاً غریبوں کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا ہے۔ انہوں نے مارکیٹ میں اشیائے خوردونوش سستی جبکہ ان بازاروں میں مہنگی اور غیر معیاری اشیاء فروخت کی جارہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کروڑوں روپے کی سبسڈی صرف دکھاوا اور سیاسی رشوت ہے۔ اس سبسڈی سے عوام کر رَتی بھر بھی فائدہ نہیں ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بجلی’ گیس اور تیل کی قیمتوں نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے:قاضی احمد سعید
لاہور( جی پی آئی) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ بجلی’ گیس اور تیل کی قیمتوں نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے جس کے بعد لوگ فاقوں تک چلے گئے ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ مہنگائی’ ذخیرہ اندوزی کو کنٹرول کرے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جتنی تیزی سے موجودہ حکومت غیرمقبول ہوئی ہے’ اس کی مثال نہیں ملتی ہے کیونکہ عوام کو سہانے خواب دکھانے والے غریبوں کی بات کرنے والے لوگوں کے گھروں کو بلڈوز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور شہر میں مرغی ‘ گھی’ چینی’ رمضان سے پہلے ہی غائب ہونا شروع ہو گئی ہے اور شہر میں سٹریٹ کرائمز میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوئی گیس بندش،بدترین لوڈشیڈنگ،پاکستان کو ایشاء کا ٹائیگربنانے کاخواب شرمندہ تعبیرنہیں ہوگا،نصراللہ مغل
لاہور(جی پی آئی)چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن نصراللہ مغل نے کہا ہے کہ ہفتہ میں5دن سوئی گیس کی بندش، 10گھنٹے اعلانیہ اور4گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے حکومت کا پاکستان کو ایشاء کا ٹائیگر بنانے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔حکومت اگر انڈسٹریز کو ترقی دینا چاہتی ہے تو انڈسٹریز کو اس کی ضرورت کے مطابق گیس اور بجلی فراہم کرے تاکہ انڈسٹریز اپنی پوری استطاعت کے مطابق پیداوار تیار کرے اس سے ملک میں بے روزگاری کا خاتمہ ہوگااور حکومت کا ویژن بھی مکمل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد شہری علاقوں میں سی این جی یونٹوں کی بندش کے بعد اس گیس کو انڈسٹریز کو فراہم کیا جائے تاکہ گیس سے چلنے والی انڈسٹریز بحران سے نکل کر پیداواری استعداد کے مطابق کام کرسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔نصر اللہ مغل نے بیوریج یونٹوں پر کیپسٹی ٹیکس کے نفاذ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سونے کا انڈہ کھائے مرغی ذبح نہ کرے ،کیپسٹی ٹیکس کے نفاذ سے بیوریج یونٹ بتدریج بند ہورہے ہیں جس کا لازمی اثر حکومت کے ٹیکس ریونیو پر پڑے گا اس ٹیکس کے نفاذ سے حکومت کو فائدہ کی بجائے الٹا نقصان ہوگا اس لیے حکومت فی الفور یہ ٹیکس واپس لے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سیدمنورحسن نے بنگلہ دیش کے نامور سکالر پروفیسر غلام اعظم کو دی جانے والی 90سالہ سزائے قید کی شدید مذمت کی
لاہور (جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سیدمنورحسن نے بنگلہ دیش کے نامور سکالر پروفیسر غلام اعظم کو دی جانے والی 90سالہ سزائے قید کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش حکومت کے ایما پر عالمی جنگی جرائم ٹریبونل نے بزرگ رہنما کو” حب الوطنی” کے جرم میں 90 سال قید کی سزا سنا کر انصاف کو پامال کیاہے ۔ سید منورحسن نے کہاکہ عوامی لیگ حکومت نے نام نہاد عالمی جنگی جرائم ٹریبونل کے ذریعے سیاسی مخالفین کو عمر قید اور سزائے موت دینے کا سلسلہ شروع کر رکھاہے جو بین الاقوامی قانون کی سراسر خلاف ورزی ہے ۔ پروفیسرغلام اعظم بین الاقوامی شہرت کے حامل اور بنگلہ دیش جماعت اسلامی کے سابق امیر ہیں ۔ بیگم حسینہ واجد حکومت نے بزر گ رہنما کے لیے 90 سال سزاکے ذریعے بدترین سیاسی رویے کا مظاہرہ کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس فیصلے سے بنگلہ دیشی حکومت عالمی برادری میں اپنے وقار سے محروم ہو چکی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بنگلہ دیش میں نام نہاد جنگی جرائم ٹریبونل ختم کیا جائے اور جماعت اسلامی بنگلہ دیش کی قیادت کو رہا کیاجائے ۔سیدمنورحسن نے کہاکہ اس سے قبل خود شیخ مجیب الرحمن کی حکومت ایک معاہدہ تک پہنچ گئی تھی کہ جنگی جرائم کا مسئلہ نہیں اٹھایا جائے گا ۔ اس کے بعد بھی دو مرتبہ عوامی لیگ کی حکومت بن چکی ہے لیکن جو بدنامی ، خراب شہرت اور غیر مقبولیت حسینہ واجد کی حکومت کے حصہ میں آئی ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ۔اس نے انتقامی کارروائیوں ، اپنے حلقہ انتخاب کو شہ دینے اور ہمنوائی حاصل کرنے کے لیے غیر سیاسی اور اوچھے ہتھکنڈے پر اتر آئی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سید منورحسن نے ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف ملک گیر مظاہروں اور توڑ پھوڑ پر تشویش کا اظہار کیا
لاہور (جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف ملک گیر مظاہروں اور توڑ پھوڑ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکمرانوں کی نااہلی اور عوام سے جھوٹے وعدوں کا شاخسانہ قرار دیاہے ۔ لوڈشیڈنگ نے رمضان المبارک میں عوام کی پریشانیو ں میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔ لوگوں کو سحری و افطاری کے وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے اور مسجدوں میں وضو کے لیے پانی دستیاب نہیں ہوتا جس کی وجہ سے نمازیوں کو سخت پریشانی ہوتی ہے۔ گزشتہ دور حکومت میں لوڈشیڈنگ کے خلاف مینار پاکستان گرائونڈ میں کیمپ لگانے والے اب اپنے خلاف عوامی احتجاج پر سیخ پا ہو رہے ہیں۔ حکمران اپنے بلند و بانگ دعوئوں کی وجہ سے عوامی غیظ و غضب کا نشانہ بنے ہوئے ہیں ۔انہوں نے اپنے وعدے پورے نہ کیے اور ظالمانہ لوڈشیڈنگ پر قابو نہ پایا تو مجبوراً عوام کے ساتھ سڑکوں پر آنا پڑے گا۔ سیدمنورحسن نے کہاکہ موجودہ حکومت نے توانائی کے بحران پر قابو پانے کو اپنی پہلی ترجیح قرا ر دے کر اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے وعدے کر کے قوم سے ووٹ لیے تھے اب جبکہ حکومت کو اقتدار سنبھالے دو ماہ کا عرصہ گزر چکاہے مگر لوڈشیڈنگ کم ہونے کی بجائے کئی گنا بڑھ چکی ہے ۔ بجلی چوروں کو پکڑکر نشان عبرت بنانے کے دعوے کرنے والوں کی ناک کے نیچے بجلی چوری ہورہی ہے مگر ابھی تک کسی چور کے پکڑ ے جانے کی اطلاع نہیں جس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ بڑے چور حکومتی صفوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ بجلی و گیس چوروں کو ناصرف حکومتی، ایم این ایز اور ایم پی ایز کی سرپرستی حاصل ہے بلکہ خود ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی بڑی تعداد اس شرمناک دھندنے میں ملوث ہے ۔ فیکٹریوں اور کارخانوں میں ہونے والی بجلی چوری کا بل بھی غریب عوام کے کھاتے میں ڈال دیا جاتاہے۔ واپڈا اہلکار کرپٹ نظام کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کام چوری کے ساتھ ساتھ بجلی چوری کرانے میں بھی ”مہارت” حاصل کر چکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ صرف چیئرمین واپڈا کو عہدے سے ہٹا دینے سے کام نہیں چلے گا جب تک چند سو بڑے بڑے بجلی و گیس چوروں کو پکڑ کر جیل کی سلاخوں کے پیچھے نہیں پھینک دیا جاتا، بجلی چوری ختم ہوسکتی ہے نہ عوام مطمئن ہوں گے ۔سیدمنورحسن نے کہاکہ حکمران بجلی پیدا کرنے کے قومی ذرائع کو استعمال میں لانے، پاور پلانٹس کی استعداد کار بڑھانے اور نئے ڈیمز کی تعمیر کی بجائے بھارت سے بجلی خریدنے کے تیار ی کررہے ہیں، یہ اقدام خود اپنے پائوں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہے۔ بھارت ہمارے دریائوں پر بند باندھ کر اور غیر قانونی ڈیمز بنا کر بجلی پیدا کر کے ہمیں فروخت کرنا چاہتاہے جبکہ حکمران بھارت کو ڈیمز کی تعمیر اور پانی چوری روکنے کی بجائے بھارت سے بجلی خرید نے کی تیاری کررہے ہیں ۔انہوں نے مظاہرین کی طرف سے قومی املاک کو جلانے اور واپڈا دفاتر میں توڑپھوڑ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ احتجاج کو پر امن رکھیںاور قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش نہ کی جائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لیاقت بلوچ نے یورپین یونین کے الیکشن آبزرور مشن کی رپورٹ کا مجموعی طور پر خیر مقدم کیا
لاہور (جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے یورپین یونین کے الیکشن آبزرور مشن کی رپورٹ کا مجموعی طور پر خیر مقدم کیا ہے۔جس میں انتخابات ٢٠١٣ء کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مرکزی حکومت کے کمزور عزم کی نشاندہی کی گئی ہے۔انہوںنے کہا کہ الیکشن ٢٠١٣ء پاکستان کی تاریخ کے وہ واحد الیکشن ہیں جن میں تقریباً تمام پارٹیوں نے دھاندلی ،ناجائز ذرائع کے استعمال ،انتخابی قوانین کی عدم تنفیذ اور حکومتی مداخلت کے الزامات لگائے ہیں۔ان الیکشن میں لگ بھگ ١٢ پارٹیوں نے ملک کے مختلف حصوں میں الیکشن کا جزوی بائیکاٹ بھی کیا۔اس لحاظ سے پہلی مرتبہ، جیتنے اور ہارنے والوں کے ایک جیسے الزامات دیکھے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کے قیام ،دعووں اور ابتدائی اقدامات سے ظاہر ہوتا تھا کہ اس مرتبہ تمام قابل ذکر سیاسی جماعتوں کو ایک جیسی گراؤنڈ فراہم کی جائے گی۔مگر قواعدوضوابط ہونے کے باوجود ان کے عملدرآمد کی نوبت نہ آنے دی گئی۔کراچی اور فاٹا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مخصوص کھلاڑیوں کی کامیابی کاگرین سگنل دیا تو دوسری طرف چند پارٹیوں کی طرف سے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر اربوں روپے کے اشتہارات نے متوسط طبقے کے تمام امیدواروں کو تکنیکی طور پر مقابلے کی دوڑ سے باہر کر دیا۔لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ جدید دنیا میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے الیکشن کے عمل کو آسان ،سہل اور قابل رسائی بنادیا گیاہے۔مگر پاکستان میں یہ ہدف صرف دعووں تک محدود ہے۔انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور مرکزی حکومت کو چاہئے کہ انتخابات کو آزادانہ ،شفاف اور قانون کے مطابق منعقد کرانے کے لئے ٥ سال انتظار کرنے کی بجائے ششماہی بنیادوں پر اہداف کا تعین کرے۔جن میں ای بییلٹنگ ،فہرستوں کی اغلاط کا خاتمہ،درست پولنگ سکیم اور قابل اعتماد انتخابی عملے کی تربیت سر فہرست ہونی چاہئیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آزادی کشمیر کی تحریک بے مثال قربانیوں سے بھری ہوئی ہے:ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی
لاہور(جی پی آئی)بانی و سربراہ ادارہ صراط مستقیم ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ آزادی کشمیر کی تحریک بے مثال قربانیوں سے بھری ہوئی ہے۔ بھارت کے ساتھ دوستی اور تجارت کیلئے بے چین حکمران شہداء کشمیر کے خون کو بھی پیش نظر رکھیں۔بھارت کی وزارت داخلہ کے سابق افسرکا ممبئی حملے خود کرانے کا انکشاف واضع کررہا ہے کہ بھارت ہر قیمت پر کشمیر یوں کی جد و جہد آزادی کو دباناچاہتاہے اور پاکستان کو بدنام کرنا چاہتاہے ۔ ان خیا لات کا اظہارانہوں نے یوم شہداء کشمیر کے موقع پر کشمیری شہداء آزادی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا شہداء کشمیر نے تقریباً ایک صدی کے قریب آزادی کی جدو جہدکو اپنا خون دے کر آگے بڑھایاہے۔ انہوں نے کہا بھارت کشمیر پر اپنے غاصبانہ قبضے کو برقراررکھنے کیلئے طرح طرح کے ظلم وستم آزمارہا ہے ۔اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ کیونکہ مقبوضہ کشمیر مسلم اکثریتی علاقہ ہے ہمارا مطالبہ ہے اس کا فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کیا جائے اور بھارت اپنا غاصبانہ تسلط ختم کرے۔ انہوں نے کہا بھارت کے پاکستان کے خلاف عزائم نہایت خطرناک ہیں ۔ بھارت کا اسرائیل سے جدید ترین مزائل شکم نظام آئرن ڈوم خریدنا اس کے جارحانہ عزائم کو واضح کررہا ہے ۔بھارت کی طرف سے آبی جارحیت ورکنگ بانڈری پر اشتعال انگیزی اور فزائی حدود کی خلاف ورزی روز مرہ کا معمول بن چکا ہے۔ ایسے حالات میں ہمارے حکمرانوں کا بھارت سے دوستی کاشوق سمجھ سے بالا تر ہے ۔ ماضی کی مینگو اور کرکٹ ڈپلو میسی کی طرح اب بھی بھارت کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھانے سے کچھ نہیں ملے گا۔چنانچہ بھارت سے دوستی نہیں بلکہ امن فریم پر بات ہونی چاہئے ۔انہوں نے کہا کشمیر کمیٹی کو مؤثر بنایا جائے تاکہ وہ اپنا بھرپور کردار اداکر سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خصوصی ضلعی ٹاسک فورس نے انڈسٹریل اسٹیٹ ملتان میں بجلی و گیس چوری میں ملوث فیکٹریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا
لاہور(جی پی آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر قائم کی گئی خصوصی ضلعی ٹاسک فورس نے انڈسٹریل اسٹیٹ ملتان میں بجلی و گیس چوری میں ملوث فیکٹریوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا ۔آپریشن کی قیادت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر علی اکبر بھٹی نے کی۔جبکہ محکمہ سوئی گیس حکام اور پولیس کی بھاری نفری بھی ان کے ہمراہ تھی۔خصوصی کمیٹی نے پہلا چھاپہ نفیس پیپر ملز پر مارا جوکہ گزشتہ ایک سال سے گیس چوری میں ملوث پائی گئی۔اس پیپر ملز کو 11کروڑ 80لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا اور مالکان کے خلاف گیس چوری کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔نفیس پیپر ملز کے مالکان چھاپے کے وقت موقع سے فرار ہوگئے۔پولیس جب موقع پر پہنچی تو مذکورہ مل کے گیٹ اند ر سے بند کر دئیے گئے۔پولیس دیواریں پھلاند کر اندر داخل ہوئی اور محکمہ سوئی گیس نے میٹر ،ریگولیٹر اور اپنی دوسری تنصیبات فیکٹری سے ہٹالیں۔مذکورہ فیکٹری ایک ہفتہ قبل بجلی چوری میں بھی ملوث پائی گئی تھی۔جس کی پاداش میں انہیں ایک کروڑ روپے جرمانہ کیا اور تھانہ مظفر آباد میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔دریں اثناء اسی طرح ڈیڑھ کروڑ روپے کے گیس بل کے نادہندگی پر دھنک گلاس فیکٹری کا کنکشن بھی کاٹ دیا گیا ہے اور گیس میٹر،ریگولیٹر اور فلٹر اتار لئے گئے ہیں۔چھاپے میں تھانہ مظفر آباد کے ایس ایچ او انسپکٹر سعید گجر ،ایلیٹ فورس اور پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔اے ڈی سی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر بجلی و گیس چوری کے خلاف کریک ڈائون کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کروڑوں روپے ناجائز منافع کمانے والے فیکٹری مالکان چوری کی گیس و بجلی استعمال کر تے ہیں جبکہ غریب عوام اپنے گھر کے1بلب اور 1چولہے کا بل بھی ایمانداری سے ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ٹاسک فورس معاشرے کے ناسوروں کو بے نقاب کرے گی تاکہ بجلی و گیس چوری کا سدباب کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس شارٹ ٹرم پروگرام سے جہاں گیس و بجلی کے ریونیو میں اضافہ ہوگا وہاں بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ میں بھی واقع کمی آئیگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب حکومت بلدیاتی نظام کو جلد ازجلد بحث کیلئے اسمبلی میں پیش کرے:سعدیہ سہیل رانا
لاہور(جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا ہے کہ پنجاب حکومت بلدیاتی نظام کو جلد ازجلد بحث کیلئے اسمبلی میں پیش کرے’ حکومت کو اپنے وعدے کیمطابق نومبر میں بلدیاتی انتخابات کروانے چاہئیں’ ملک کو بحرانوں سے نجات دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور تحریک انصاف حکمرانوں کی ناکامی کی نشاندہی کرتی رہے گی تحریک انصاف اپوزیشن میں بھی نظریئے اور اصول کی سیاست کریگی، سحری اور افطاری کے دوران بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہونا حکمرانوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اب حکمرانوں کو دعوئوں کی بجائے عملی اقدامات کرنا ہونگے۔