دمشق (جیوڈیسک) شامی فوج نے شمال مغربی صوبہ ادلب میں واقع بعض دیہات پر فضائی حملے کئے جس کے نتیجے میں 29 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کی اطلاع کے مطابق شامی فوج نے پانچ مختلف فضائی حملے کئے ہیں۔ سب سے تباہ کن فضائی حملہ ایک گاں مغرا پر کیا گیا ہے جہاں راکٹ گرنے کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حملے اتوار کی شام افطار سے چندے قبل کئے گئے تھے۔ مرنے والوں میں آٹھ خواتین اور 6 بچے بھی شامل ہیں۔ آبزرویٹری نے اپنے نمائندوں کے حوالے سے ہلاکتوں کی تفصیل میں بتایا ہے کہ البرا گاں پر حملے میں 6 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ باسمیس میں 4 ، کفرنبل میں 3 اور ابلین میں بھی 3 افراد مارے گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کی اطلاع کے مطابق حکومت مخالف کارکنان کی جانب سے آن لائن پوسٹ کی گئی ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ مغرا گاں پر راکٹ حملہ کیا گیا تھا اور اس حملے کے بعد متعدد افراد مکان کے ملبے تلے زندہ دب کررہ گئے۔ ویڈیومیں ایک کارکن کا کہنا تھا کہ جبل الزاویہ کے مسلمانوں کا یہ افطار ہے۔