ہندوستان کے منافقانہ رویئے کا بھانڈا گھر کے بھیدی نے پھوڑ دیا، محمد زبیر صفدر
Posted on July 16, 2013 By Noman Webmaster لاہور
لاہور( 16-07-2013) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمدزبیر صفدر نے کہا ہے کہ ہندوستان کے منافقانہ رویئے کا بھانڈا گھر کے بھیدی نے پھوڑ دیا، سابق ہندوستانی ڈپٹی سیکرٹری داخلہ کے انکشافات نے ہندوستان کے اصلی روپ کو بے نقاب کر دیا ہے۔ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں اپنے ناجائز تسلط کو قائم رکھنے کے لئے ظالمانہ قوانین بنا رہا ہے جس کے لئے اس طرح کے پروپیگنڈا کا سہارا لیتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی اداروں کو ہندوستان کے کارناموں کا نوٹس لینا چاہئے ۔ بمبئی حملوں کی سازش ہو یا سمجھوتہ ایکسپریس کا سانحہ، پارلیمنٹ پر حملہ یا دیگر کوئی بھی چھوٹے سے چھوٹا واقعہ اس کا سارا ملبہ پاکستان پر ڈال دیا جاتا ہے۔
بے گناہ کشمیری افضل گرو کو اس پاداش میں پھانسی دے دی گئی لیکن عالمی اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔ ہندوستان کے ساتھ تعلقات پر موجودہ حکومت کو نظر ثانی کرنی چاہیے، وطن عزیز کی سا لمیت کے سودے پر ہندوستان سے دوستی قابل قبول نہیں ہے، ہندو بنئے نے ہر دور میں پاکستان کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔
لیکن پاکستانی حکمران دوستی کی پینگیں بڑھانے میں مصروف ہیں۔ناظم اعلیٰ نے ہندوستان کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سمیت ہندوستان بھر میں مسلمانو ں کے خلاف نفرت کو ہوا دی جارہی ہے اور ظالمانہ قوانین نافذ کر کے مسلمانوں کو ہی نشانہ بنایا جاتا ہے۔ پاکستان ہندوستان سے سخت احتجاج کرے اور ان اقدامات کی وضاحت طلب کرے نیز عالمی فورمز پر بھی احتجاج کیا جائے۔ تاکہ آئندہ ایسی سازشوں سے بچا جا سکے۔