لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کے شہریوں کا انتظار ابھی ختم نہیں ہوا۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں ابر کرم جم کے برسا۔ گوجرانوالا میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا تاہم نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ فیصل آباد میں برکھارت نے موسم کو خوبصورت بنا دیا۔ چکوال، منڈی بہاالدین اور ساہیوال میں بھی وقفے وقفے سے برسنے والے باران رحمت نے گرمی بہت حد تک کم کر دی ہے۔
سوات اور گردونواح میں ہلکی بارش کے بعد مناظر مزید دلفریب ہوگئے ہیں ۔سندھ کے شہروں میں فی الحال بادلوں کا راج ہے اور کالی گھٹاوں نے موسم سہانا بنادیا ہے مگر یہ بادل بن برسے ہی چلے جاتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، گوجرانوالا، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، ہزارہ ڈویڑن ،مالاکنڈ اور کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔