لاوہ کوتحصیل کا ایک سال قبل درجہ دیا گیا تھا مگر آج تک اس میں دفاتر نے کام شروع نہیں کیا
Posted on July 17, 2013 By Tahir Webmaster سٹی نیوز
تلہ گنگ : لاوہ کو تحصیل کا ایک سال قبل درجہ دیا گیا تھا مگر آج تک اس میں دفاتر نے کام شروع نہیں کیا۔ تلہ گنگ کے 12 محکموں کے افسران کو اضافی چارج دیا گیا لیکن کسی نے بھی یہاں کا دورہ کرنے کی زحمت گوارا نہ کی۔ لاوہ جوکہ مسلم لیگ (ن)کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ یہاں کی غیور عوام نے ہمیشہ سے جیت کا تاج مسلم لیگی امیداوار کے سر سجا کرایوان اقتدار میں بٹھایا مگر انہوں نے اس علاقے کے مسائل کو حل نہ کرایا اسی وجہ سے 1986 ء جب سے چکوال کو ضلع کا درجہ دیا گیا تھا اور یہ ضلع اپنی 28 ویں سالگرہ منانے کی تیاری کر رہا ہے۔
اس وقت سے آج تک لاوہ کو ایشیا کا سب سے بڑا قصبہ ہونے کے باوجود اسے حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔ ہر الیکشن کے موقع پریہاں کی عوام سے تحصیل کے حوالے سے ایموشنل بلیک میلنگ کی گئی۔ گذشتہ دور میں وزیر اعلی پنجاب میا ں شہباز شریف کی خصوصی مہربانی سے تحصیل کا درجہ تو دے دیا گیا مگر اسے بھی سیاست کی نظر کر دیا گیا۔ یہ تحصیل 6 ماہ عدالتوں کے چکر کاٹنے کے بعد اب تلہ گنگ تحصیل آفس کی زینت بنی ہوئی ہے۔
لاوہ کی عوام اسی طرح ہزاروں روپے خرچ کرکے آج بھی تلہ گنگ آکر اپنے کام نپٹا رہے ہیں۔ ایڈیشنل چارج ملنے کے باوجود اے سی، تحصیلدار کسی نے بھی یہاں قدم رنجہ فرمانے کی زحمت گوارا نہ کی۔ عوام کی بہت بڑی سامنے لاوہ تحصیل کے حق میں مظاہرہ کیا اور وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے لاوہ میں تحصیل کاکام جلد شروع کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔