اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخابات کیلئے نامزدگی فارم کی فراہمی آج سے شروع کردی ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی الیکشن کیلئے نامزدگی فارم کی فراہمی آج سے شروع ہو گئی ہے۔ نامزدگی فارم کی قیمت 100 روپے مقرر کی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ امیدوار کا نامزدگی فارم جمع کرانے کیلئے خود پیش ہونا لازمی نہیں، تاہم، نامزدگی فارم جمع کرانے کیلئے تجویز اور تائید کنندہ کا خود پیش ہونا لازم قرار دیا گیا ہے۔ تجویز اور تائید کنندہ کو بھی انتخابی فہرست میں اپنے ووٹ کے اندراج کا ثبوت دینا ہو گا۔ الیکشن کمیشن نے فارم جمع کرانے کیلئے اسمبلی یا سینیٹ سیکریٹریٹ کے کارڈ کی کاپی بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔