کراچی (جیوڈیسک) ڈالر روپے کو روندتا ہوا مسلسل نئے ریکارڈ بنا رہا ہے، اوپن مارکیٹ اور انٹر بینک میں ڈالر تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر آگیا ہے۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 6 پیسے مہنگا ہوکر 100 روپے 43 پیسے کا ہو گیا ہے جو تاریخ کی بلند ترین قیمت ہے۔
اس کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں بھی عوام کو اب ایک ڈالر خریدنے کیلئے 102 روپے 70 پیسے کی ریکارڈ قیمت دینی ہو گی۔ ڈیلرز کے مطابق قدر میں مزید اضافے کی توقعات پر ڈالر کی طلب بڑھ گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو پرانے قرض کی واپسی کے باعث ملکی زرمبادلہ زخائر اور روپے پر دباو میں اضافہ ہو گیا ہے۔