اسلام آباد (جیوڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی ایل این جی کی درآمد اور سرکلر ڈیٹ کے 181 ارب روپے کے بقایا جات کا جائزہ لینے کے لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل( جمعرات کو) ہو گا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ایل این جی کی درآمد کے لیے وزارت تیل و گیس کی سمری پر غور کیا جائے گا۔ اس سمری کے تحت 50 کروڑ سے ایک ارب مکعب فٹ ایل این جی درآمد کرنے کی تجویز زیر غور آئے گی۔
وفاقی حکومت، قطر اور دیگر ممالک سے ایل این جی درآمد کرنے پر غور کر رہی ہے۔ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سرکلر ڈیٹ کے 181 ارب روپے کے بقایا جات پر بھی بات چیت ہو گی۔ گزشتہ ماہ حکومت نے 322 ارب روپے کا سرکلر ڈیٹ ادا کیا تھا۔ اجلاس میں پی آئی اے کے مالی امور بھی زیر غور آنے کا امکان ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی ملک بھر میں روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں اور اسٹاک کا جائزہ بھی لے گی۔