ممبئی (جیوڈیسک) این جی ٹی سابقہ مس ورلڈ اور بالی ووڈ کی صفِ اول کی اداکارہ پریانکا چوپڑا 18 جولائی کو31 ویں سالگرہ منائینگی۔18 جولائی 1982 کو بھارتی ریاست جھاڑکھنڈ کے شہر جمشید پور میں پیدا ہونے والی پریانکا نے 2000 میں مس ورلڈ کا خطاب اپنے نام کیا جسکے بعد انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 2002 میں تامل فلم Thamizhan سے کیا۔
پریانکا کی بالی ووڈ میں آمد فلم The Hero: Love Story of a Spy سے ہوئی تاہم انکی پہلی کامیاب فلم انداز ثابت ہوئی جس پر ان کوبہترین نئی اداکارہ کے ایوارڈسے بھی نوازا گیا۔ اسکے بعد پریانکا نے اعتراض، بلف ماسٹر،کرش ،Don ،سلامِ عشق، دوستانہ ، فیشن،کمینے اورڈان ٹو جیسی کامیاب فلموں میں بہترین اداکاری کا مظاہرہ کرکے کئی ایوارڈز اپنے نام کیے۔ فلمWhat’s Your Rashee? میں12 کردار نبھانے پر پریانکا کا نام گینزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہوا جبکہ وشال بھردواج کی فلم سات خون معاف میں انکے آئٹم سونگ Darling کو بیحد پذیرائی حاصل ہوئی۔
گذشتہ سال پریانکا کی دو فلموں اگنی پتھ اوربرفی نے جہاں باکس آفس پر تہلکہ مچایاوہیں انکی فلم”تیری میری کہانی”کچھ خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی ۔پریانکا کی آنے والی فلموں میں ہریتک روشن کیساتھ کرش تھری ،ارجن کپور اور رنویر سنگھ کیساتھ غنڈے، رام چرن کیساتھ فلم زنجیر کا ریمیک اور بھارتی باکسر میری کوم کی بائیوپک شامل ہیں جن سے شائقین کی بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔
رواں سال پریانکا چوپڑا نے گلوکاری کے میدان میں بھی قدم جمانے شروع کیے اور جہاں انکے پہلے ہی گانے In My City نے میوزک چارٹس پر تہلکہ مچادیا وہیں دوسرا گانا ایکوزٹک کچھ خاطر خواہ مقبولیت نہ حاسل کر سکا۔