لاہور (جیوڈیسک) ہائی کورٹ نے وزارت مذہبی امور کو ڈھائی لاکھ سے کم قیمت پر حج کرانے والے ٹورز آپریٹرز کو 910 حاجیوں کا کوٹہ دینے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عمر عطا بندیال نے کیس کی سماعت کی، وزارت مذہبی امورکی جانب سے حج آپرپٹرز کی فہرست پیش کی گئی۔
جس پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے عدالت نے استفسار کیا کہ ڈھائی لاکھ روپے سے کم حج کرانے والے آپریٹرز کا نام خارج کرکے ساڑھے چار لاکھ روپے میں حج کرانے والے آپریٹروں کے نام کیوں شامل کئے گئے۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ ڈھائی لاکھ سے کم حج کروانے والے ٹورز آپریٹرز کی اکثریت ناتجربہ کار اور بلیک لسٹ ہے۔
اس لیے ان کا نام فہرست سے خارج کیا، عدالت نے وزارت مذہبی امور کی فہرست میں ڈھائی لاکھ روپے سے زائد حج کرانے آپیرٹر کے ناموں کو نکالنے کا حکم دیتے ہوئے کم قیمت پر حج کروانے والے اٹھارہ ٹورز آپریٹرز میں پچاس، پچاس حاجیوں کا کوٹہ دینے کا حکم دیا، ہائی کورٹ نیعدالتی حکم پرعمل درآمد کے حوالے سے بائیس جولائی کو تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی۔