سی پی ایل سی اور اے وی سی سی کی مشترکہ کارروائی، 3 سالہ بچی بازیاب

Ahmed Chinoy

Ahmed Chinoy

کراچی (جیوڈیسک) کراچی سی پی ایل سی اور اے وی سی سی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تین سالہ بچی کو بازیاب کرالیا۔ مقابلے میں تین اغوا کار مارے گئے جبکہ چھ اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

کراچی کے علاقے کلفٹن مین واقع نیلم کالونی میں سی پی ایل سی اور اے وی سی سی نے کامیاب مشترکہ کارروائی کی۔ جس میں تاوان کے لئے اغوا کی گئی بچی کو بازیاب کرالیا گیا۔ بچی کی بازیابی کے بعدزرائع سے گفتگو کرتے ہوئے سی پی ایل سی کے چیف احمد چنائے نے بتایا کہ تین سالہ ماہی کو سائٹ ایریا کے علاقے سے تیرہ جولائی کواغوا کیا گیا۔ بچی کے والدین ڈاکٹر ہیں۔ جن کا تعلق ہندو مذہب سے ہے۔

احمد چنائے نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ایک ملزم شارع فیصل پر تاوان کی رقم وصول کرنے آیا جہاں ملزم اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں ملزم ہلاک ہوگیا۔ ماہی کے والد ڈاکٹر سنیل نے بھرائی ہوئی آواز میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی کی تعریف کی۔ احمد چنائے کے مطابق مارے جانے والے اغواکار اغوا کی دیگر تین کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔ مقابلے کے دوران پانچ پولیس اہلکاروں سمیت سی پی ایل سی کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوا۔