فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد کے علاقہ منصورآباد میں سوئی ناردرن کی ٹاسک فورس نے کارروائی کر کے فیکٹری میں بڑے پیمانے پر گیس چوری پکڑ لی۔ انتظامیہ کے چھاپے پر مالکان فرار ہوگئے۔
سوئی ناردرن ذرائع کے مطابق منصور آباد کے نواحی علاقہ داتا پارک میں واقع ندیم خاور کی پلاسٹک فیکٹری میں گیس میٹر مبینہ طور پر ٹیمپر کر کے گیس چوری کی جا رہی تھی۔ چھاپہ مار ٹیم نے فیکٹری کا میٹر اتار لیا جبکہ ڈی سی او نجم احمد اور سی پی او عبدالرزاق چیمہ کی نگرانی میں رات گئے تک ڈائریکٹ پائپ لائن کی تلاش کے لئے کھدائی کا عمل جاری تھا۔ فیکٹری مالکان کی معاونت کرنیوالے سوئی گیس کے ڈرائیور حبیب بیگ کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ملزمان گیس سے بننے والی ایک میگاواٹ بجلی قریبی گھروں اور دکانوں کو سپلائی کر رہے تھے۔ ملزمان نے حبیب بیگ کی معاونت سے دس پانڈ کے کمرشل میٹر کی جگہ بیالیس پانڈ کا انڈسٹریل میٹر لگوا رکھا تھا۔