بالی ووڈ بیبو کی جب سے شادی ہوئی ہے کچھ اکھڑی اکھڑی نظرآتی ہیں۔ فلمی دنیا میں کرینہ کپور نے اپنے کردار بھی پہلے سے مختلف کرنے شروع کردیئے ہیں۔ بالی ووڈ میں بیبو سے شہرت پانے والی نٹ کھٹ سی کرینہ کپور آج کل کچھ باغی موڈ میں نظر آرہی ہیں۔ پہلے فلم ہیروئن میں اکھڑی اکھڑی نظر آئیں۔ اس کے بعد فلم ستیاگرہ میں صحافی بن کر انا ہزارے کی حمایت کرتی ہوئی دکھائی دیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سے پہلے فلم ہیروئن میں صحافیوں کو منہ چڑا کر بھاگ جانے والی ہیروئن کرینہ کو اگلی فلم ستیاگرہ میں صحافی کا کردار کرنے میں جو مشکلات پیش آئیں۔ اس نے انہیں صحافیانہ زندگی کی اہمیت کا احساس دلا دیا۔ بس پھر کیا تھا، کرینہ کو تو ایسے کرداروں میں اپنا آپ اچھا لگا۔
اس لئے ایک بار پھر گلیمرس اسٹائل کے بجائے سماجی کارکن کے روپ میں فلمی دنیا میں چھانے کا فیصلہ کرلیا۔ کرینہ کپور نے اپنی اگلی فلم گوری تیرے پیار میں سماج کو سیدھا کرنے کا بیڑا اٹھایا۔ سماجی کارکن بنی کرینہ کپور کس حد تک فلمی دنیا میں باکس آفس پر چھاتی ہیں یہ تو وقت آنے پر پتا چلے گا۔