بجلی کی بندش سے اسٹیل مل کی بھٹیاں بھی ٹھنڈی، ملازمین تنخواہوں کے منتظر

Steel Ovens

Steel Ovens

کراچی (جیوڈیسک) بد ترین مالی مشکلات سے دو چار پاکستان اسٹیل ملز، کے ای ایس سی کی جانب سے بجلی کاٹے جانے کے بعد گزشتہ دو روز سے بند پڑی ہے۔ ادارے کے ملازمین گزشتہ دو ماہ سے اپنی تنخواہ کے منتظر ہیں۔اسٹیل ملز دو روز سے بندہے،کھربوں روپے کے اثاثے رکھنے والا ادارہ دہ ماہ سے ملازمین کی تنخواہ تک نہیں دے پا رہا ،2001 سے 2008 تک مسلسل منافع دینے والا ادارہ مالی سال 09-2008 میں اچانک 26 ارب روپے کا نقصان دکھا گیا۔

بد انتظامی کے باعث ادارہ اس حال کو پہنچ گیا کہ اپریل 2013 میں اس کا مجموعی خسارہ 93 ارب روپے کے قریب آگیااور پھر ہوا وہی جس کا ڈر تھا، خسارے کے دلدل میں گھری اسٹیل ملز رقم کی شدید قلت کا شکار ہوگئی۔ حالات اتنے بد تر ہوگئے کہ ادارہ گزشتہ دو ماہ سے ملازمین کی تنخواہ تک نہیں دے پایا۔

ملازمین کے گھروں کے چولہے تو ٹھنڈے پڑے ہی تھے لیکن گزشتہ دو روز سے مل کی بھٹیاں بھی ٹھنڈی پڑ ی ہیں جس سے ادارے کو یومیہ 7 کروڑ روپے کا مزید نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ فولاد سے مضبوط پاکستان بنانے کا عزم رکھنے والا ادارہ پاکستان اسٹیل اور اس کے ملازمین حکومت کی توجہ کے منتظر ہیں۔