لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا عیسی نگری کے قریب دھماکے میں میونسپل کمشنر کراچی متانت علی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کو کھلی دہشت گردی قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ شہر کا امن برباد کرنے کی سازش ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
الطاف حسین نے وفاقی وزیر داخلہ، وزیر اعلی سندھ اور گورنر سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ عیسی نگری دھماکے کے واقعہ کا فوری نوٹس لیا جائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے۔
الطاف حسین نے واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی مغفرت اور زخمی ہونے والے میونسپل کمشنر کراچی متانت علی سمیت دیگر افراد کی جلد و مکمل صحتیابی کیلئے دعا بھی کی ہے۔ دوسری جانب ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے پٹیل پاڑہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا سازشی عناصر شہر میں ایک بار پھر سرگرم ہو چکے ہیں واقعہ کی تحقیقات کی جائیں۔