پسرور میں شدید بارش، چھتیں گرنے سے 2 خواتین جاں بحق

Pasrur

Pasrur

سیالکوٹ (جیوڈیسک) سیالکوٹ کی تحصیل پسرور میں تیز بارش کے سبب نالہ ڈیک میں طغیانی آگئی، پانی قریبی دیہات میں داخل ہوگیا، بارش کے سبب چھتیں گرنے سے 2 خواتین جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہو گئے۔ تحصیل پسرور میں بارش مسلسل کئی گھنٹے تک ہوتی رہی جس کے نتیجے میں نالہ ڈیک بپھر گیا۔

پانی کناروں سے باہر نکل آیا اور تباہی مچادی۔ سیر، چہور کنگرہ اور ہرنا والی سمیت کئی دیہات اور سیکڑوں ایکڑ زرعی اراضی زیر آب آ گئی۔ متاثرہ دیہات کے مکینوں نے حکام سے مدد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ نالہ ڈیک میں پانی کا بہاو 20 ہزار کیوسک ہے۔ پسرور میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے 5 مکانات کی چھتیں بھی گر گئیں جس سے 2 خواتین جاں بحق اور 2 بچے زخمی ہوئے۔