منصوبہ بندی کی وزارت کا 5 سالہ منصوبے کا اعلان

Ahsan Iqbal

Ahsan Iqbal

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایات پر منصوبہ بندی کی وزارت نے پانچ سالہ منصوبے کا اعلان کیا جو 2013 سے 2018 کے لیے ہوگا۔ جبکہ وژن 2025 بھی بنایا جائے گا جو معیشت کی بہتری کے لیے روڈ میپ فراہم کرے گا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقیات اور اصلاحات احسن اقبال نے اسلام آباد میں وزارت کی ازسر نو تشکیل کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایاکہ وزارت میں ممبران کی تعداد میں تین ممبر کا اضافہ کر دیا گیا ہے اور تمام ممبران کا تقرر میرٹ پر کیا جائے گا۔

پانچ سالہ میں 2013 سے 2018 تک توانائی کا بحران اولین ترجیح ہو گی جبکہ معاشی ترقی، نجی شعبے کے کردار کو بڑھایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی میں تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔ کراچی، لاہور موٹروے پر کام جلد از جلد شروع کیا جائے گا اور نجی شعبے کو موٹر وے تعمیر کرکے اسے چلانے اور پھر منتقل کرنے کی پیش کش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا گوادر سے کاشغر تک سڑک کی تعمیر کے لیے حکمت عملی ایک سال میں مکمل کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تعلیم، صحت اور سماجی شعبے کے فنڈز، کسی اور پراجیکٹ کو منتقل نہیں کیے جائیں گے۔