کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کی تیاری 6 ماہ میں کرلیں گے، ممتاز بھٹو بڑا آدمی بننا چاہتے ہیں ان کی خواہش پوری نہیں ہو گی، ایم کیو ایم کے حکومت میں شامل ہونے سے متعلق اچھی خبر ملے گی۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کی جانب سے کراچی میں افطار عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔
جس میں عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر شاہی سید، جماعت اسلامی کے نصر اللہ شجیع سمیت مسلم ممالک کے قونصل جنرلوں اور ارکان قومی و سندھ اسمبلی نے شرکت کی۔ ذرائع سے گفت گو میں سید قائم علی شاہ کہنا تھا کہ رحمان ملک ایم کیو ایم سے رابطے میں ہیں، اور بات چیت ہورہی ہے، امید ہے اچھی خبر آئے گی۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے بلدیاتی نظام میں نوک پلک ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ سندھ کی حکومت کو عوامی مینڈیٹ حاصل ہے گورنر راج نہیں لگایا جا سکتا، ممتاز بھٹو بڑا آدمی بننا چاہتے ہیں ان کی غیر آئینی خواہش پوری نہیں ہو گی۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا تھاکہ لاہور کو پیرس کہنے والوں کے دعوے ایک گھنٹے کی بارش نے عیاں کردیئے، لاہور میں کروڑوں روپے خرچ کرنے کے دعوے داروں کا پول بارش نے کھول دیا۔