ڈہرکی (جیوڈیسک) ڈہرکی میں صوبائی محکمہ خوراک کی نااہلی کے باعث سرکاری گوداموں میں کروڑوں روپے مالیت کی گندم پڑے پڑے خراب ہو گئی۔ محکمہ خوراک نے ہزاروں بوری گندم خراب کر دی۔ غریب کے منہ کا نوالہ نہیں بن سکی۔ ڈہرکی کے تین سرکاری گودام میں کھلے آسمان تلے ہزاروں بوری گندم پڑے پڑے سڑ گئی۔4 سال تک محکمہ خوراک نے کوئی خبر نہ لی۔
ہزاروں ٹن گندم مبینہ طور محکمہ خوراک کے افسران اور فلور مل مالکان کے درمیان کمیشن کے تنازع کی نذر ہوگئی۔ گندم کی بوریوں میں کیڑا لگ چکا ہے اور ان سے تعفن اٹھ رہا ہے۔ اب یہ گندم نیلام کی جارہی ہے مگر اس میں بھی تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر گھوٹکی نجیب دین ناریجو کا کہنا ہے کہ گندم کی نیلامی ہوگی مگر کب؟ یہ انھیں بھی نہیں پتا۔