کراچی (جیوڈیسک) گزشتہ رو ز کراچی میں ہونے والے دونوں دھماکے کے مقدمات متعلقہ تھانوں میں درج کرلئے گئے ہیں ، جبکہ پٹیل پاڑہ میں دھماکے میں مارے جانے والے دہشت گردوں کی شناخت ہو گئی ہے۔ ایس ایس پی سی آئی ڈی راجا عمر خطاب نے بتایا کہ پٹیل پارہ میں ہونے والے دھماکے میں زخمی زیرحراست دہشت گرد عمران نے دوران تفتیش اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ مرنے والے تمام افراد کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے تھا اور دھماکا ڈیوائس میں تبدیلی کے دوران ہوا، دہشت گردوں کا تعلق کچھ عرصہ قبل مارے جانے والے آصف رمزی گروپ سے ہے۔
دھماکے میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت سبحان، نعیم اور متین کے ناموں سے ہوئی ہے، تینوں افراد لائنز ایریا کے رہائشی تھے اور وہاں کپڑے دھونے کا کام کرتے تھے، مرنے والوں کے لواحقین نے لعشوں کے حصول کے لئے تھانے سے رابطہ کر لیا ہے، پولیس کے مطابق عمارت دو جولائی کو اٹھارہ ہزار روپے ماہانہ پر کرائے پر لی گئی تھی۔ جبکہ دھماکے کے وقت متین کی بیوی اور بچے عمارت کی نچلی منزل پر موجود تھے۔
جبکہ عیسی نگری میں ہونے والے دھماکے میں زخمی میونسپل کمشنر متانت علی نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دو نو ں واقعات کے مقدمات انسداد دہشت گردی ایکٹ، ایکسپلیویز ایکٹ، اقدام قتل اور قتل اور دیگر دفعات کے تحت درج کر لئے گئے ہیں۔