کراچی (جیوڈیسک) چین کو برآمدات کا حجم 2.697 ارب ڈالرز اور درآمدات 4.761 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی سٹیٹ بینک کی رپورٹ پاکستان کی طرف سے مالی سال 2012-13 میں امریکہ کے بعد چین کو سب سے زیادہ برآمدات کی گئی ہیں۔ سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے مالی سال 2013 میں امریکہ کو سب سے زیادہ 3.878 ارب ڈالر کی برآمدات بھیجیں جبکہ برآمدات کا دوسرا بڑا حصہ چین کو بھیجا جائے گا جن کی کل مالیت 2.697 ارب ڈالر ہے۔
پاکستان نے چین سے 4.761 ارب ڈالر کی مالیت کی درآمدات کی ہیں۔ تجارت اور صنعتوں کے ذرائع کے مطابق چین کی طرف سے درآمدات کی شرح سرکاری اعدادوشمار سے کہیں زیادہ ہیں کیونکہ وسیع پیمانے پر چینی اشیا پاکستانی مارکیٹوں میں سمگلنگ کے ذریعے پہنچ رہی ہیں۔ پاکستان کی نومنتخب حکومت نے چین کے ساتھ متعدد منصوبوں کے معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔
تاہم چین کے ساتھ تجارتی حجم میں عدم توازن کی شرح بہت زیادہ ہے جبکہ سمگلنگ کا نظام اس صورتحال کو مزید ابتر بنا رہا ہے۔ مالی سال 2013 میں پاکستان کا چین کے ساتھ کرنٹ اکانٹ خسارے کا حجم 2.299 ارب ڈالر ہے۔
جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں نصف ہے جبکہ ملک کا مجموعی تجارتی عدم توازن کا حجم 15 ارب ڈالر رہا جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات کا حجم 14 ارب ڈالر رہا تاہم تجارتی عدم توازن کی وسیع شرح نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی کاوشوں کو زائل کر دیا۔