مستحکم افغانستان ہی پاکستان کے مفاد میں ہے، سرتاج عزیز

Sartaj Aziz

Sartaj Aziz

افغانستان (جیوڈیسک) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کابل میں افغان صدر اور وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ کہتے ہیں کہ افغان جنگ کے خاتمے کیلئے شراکت اقتدار کا کوئی بھی منصوبہ زیر غور نہیں، طالبان سے مذاکرات افغان حکومت ہی کرے گی۔ کابل میں افغان وزیر خارجہ زلمے رسول سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کیلئے مقامی حکومت کو ہی طالبان سے بات چیت کرنا ہو گی، تاہم اگر ضرورت پڑی تو پاکستان ضرور مدد کرے گا۔

مشیر خارجہ نے کہا کہ مستحکم اور پر امن افغانستان ہی پاکستان کے مفاد میں ہے، اس مقصد کیلئے پاکستان اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔ امریکا طالبان مذاکرات سے متعلق سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ طالبان اسلام آباد کے کنٹرول میں نہیں۔

پاکستان نے ہائی پیس کونسل کی درخواست پر صرف فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کردار ادا کیا۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ مستحکم اور پر امن افغانستان ہی پاکستان کے مفاد میں ہے، کیونکہ افغانستان میں امن کے بغیر پاکستان میں امن کی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔