میں خواصپور میں آٹا پیسنے کی چکی لگا کر بچوں کیلئے روزی کماتا ہوں
Posted on July 22, 2013 By Tahir Webmaster سٹی نیوز
لالہ موسی : نواحی گائوں خواص پور کے رہائشی لیاقت علی ولد محمد خاں نے وزیراعظم پاکستان، چیف جسٹس سپریم کورٹ، چیف ایگزیکٹو گیپکو کے نام تحریری درخواست میں الزام لگایا ہے کہ میں خواصپور میں آٹا پیسنے کی چکی لگاکر بچوں کیلئے روزی کماتا ہوں۔ تقریبا ًایک ماہ قبل گیپکو رورل سب ڈویژن لالہ موسیٰ کا لائن مین صغیر احمد ہمراہ نواز اور عابد میری آٹا کی چکی پر آیا او رمیرے منع کرنے کے باوجود تھری فیس میٹر میں فیس ٹوفیس تار لگائی جس سے میٹر جل گیا۔
میرے پوچھنے پر صغیر کہنے لگا کہ کوئی مسئلہ نہیں سب ٹھیک ہوجائے گا لیکن ایک ماہ گزرنے کے باوجود میٹر صحیح نہیں ہو سکا۔ میں نے متعلقہ آفیسر سے رابطہ کیا تو اس نے کہاکہ تمہارے میٹر میں فالٹ تھا اس لئے جلا ہے جب میں مسلسل تیسری دفعہ واپڈا دفتر گیا تو لائن سپرٹنڈنٹ بشارت نے کہا تم سے جوہوتا ہے کرلو۔ میں نے ایس ڈی او رورل ایریا لالہ موسیٰ سے شکائت کی تو اس نے کہا 14 ہزار دے دو میٹر لگ جائے گا ورنہ آئندہ میرے دفترنہ آنا۔
میں نے ایکسئین واپڈا گجرات کوفون کیا تو انہوںنے کہاکہ2دن میں مسئلہ حل ہوجائیگا دودن بعد رابطہ کیاتو انہوں نے بھی 14 ہزار کا مطالبہ کر دیا اور کہاکہ اگر پیسے نہیں دینے تو جائو جومرضی کرلو میں نے اوپرشکائت کرنے کاکہا کہ توکہنے لگے یہ کونسی نئی بات ہے لوگ شکائتیں کرتے رہتے ہیں تم بھی شوق پورا کرلو۔
مجبوراً میں نے ایس ڈی او،لائن سپرٹنڈنٹ بشارت کو 14ہزار دے دیے لیکن مجھے نہ تو ڈیمانڈ نوٹس کی کاپی دی گئی اورنہ کوئی اور تحریری ثبوت، ایک ماہ گزرنے کے باوجود میرے چودہ ہزار بھی گئے اور میٹر بھی نہیں لگ سکا، مجھے لگتا ہے کہ میرے پیسے بھی ایس ڈی او اور لائن سپرٹنڈنٹ نے ملی بھگت سے سرکاری خزانے میں جمع کرانے کے بجائے خود ہی ہڑپ کرلئے ہیں۔ میں مزدور آدمی ہوں بیوی بچوں کی کفالت کا واحد ذریعہ آٹا پیسنے کی چکی ہے واپڈا افسران اور لائن سپرٹنڈنٹ ،لائن مین کی کرپشن کی وجہ سے میرا روزگار تباہ ہوگیا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف ،چیف جسٹس سپریم کورٹ افتخار محمد چوہدری ،چیف ایگزیکٹو گیپکو گوجرانوالہ سے دردمندانہ اپیل کہ واپڈا رورل ایریا لالہ موسیٰ کے کرپٹ،بددیانت افسران کیخلاف کاروائی کرکے انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔ رابطہ کرنے پر لائن سپرٹنڈنٹ بشارت علی نے بتایاکہ لیاقت علی آف خواصپور کا میٹر بارش کی وجہ سے جل گیا تھا، دفتری کاروئی مکمل کرلی گئی ہے پیرکوانکا میٹرنصب کر دیا جائے گا تاہم انکی تسلی کیلئے میٹر لیبارٹری بھجوایا جائے اگر ہمارے کسی ملازم کی نااہلی وجہ ہوئی تو اس کے خلاف ایکشن لیاجائے گا۔