لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت بائیس جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو لیسکو کو عہدے سے ہٹانے کی وجوہات طلب کر لی ہیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عمرعطا بندیال نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ رمضان کے مہینے میں بھی سحر اور افطار کے وقت بجلی کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔حکومت نے بجلی چوری کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے والے چیف ایگزیکٹو لیسکو کو بھی بغیر کسی وجہ کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
عدالت نے حکومتی وکیل کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت پر بجلی چوری روکنے کے باعث ہونیوالی بچت کی تفصیلات فراہم کریں اور ساتھ ہی چیف ایگزیکٹیو لیسکو کو عہدے سے ہٹانے کی وجوہات بتائی جائیں۔کیس کی مزید سماعت بائیس جولائی تک ملتوی کردی گئی۔