عدالتیں نہ رہیں تو معاشرہ بھی نہیں رہے گا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

Lahore High Court

Lahore High Court

لاہور (جیوڈیسک) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے عدالتوں میں سیکیورٹی کے حوالے سے آئی جی پنجاب کی رپورٹ مسترد کر دی،چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ قانون کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہیں انہیں احاطہ عدالت میں قتل کر دیا جاتا ہے، عدالتیں نہ رہیں تو معاشرہ نہیں رہے گا۔

چیف جسٹس نے یہ ریمارکس عدالتوں میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے کیس کی سماعت کے دوران دیے، عدالت کے روبرو آئی جی پنجاب خان بیگ نے عدالتوں میں سیکورٹی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی ،چیف جسٹس نے آئی جی کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی صاحب معاملے کی سنجیدگی دیکھیں۔

انصاف کے بغیر کوئی معاشرہ نہیں چل سکتا، انہوں نے احاطہ عدالت میں قتل کرنے والوں کو جلد گرفتار کرنے اور آئندہ سماعت پر ماتحت عدالتوں میں سکیورٹی انتظامات کی جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا، چیف جسٹس نے سماعت یکم اگست تک ملتوی کرتے ہوئے عدالتوں میں سیکورٹی کیلئے تجاویز بھی طلب کر لیں۔