اسلام آباد (جیوڈٰسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ توانائی شعبے میں زیر گردش قرضوں کیلئے 480 ارب روپے کی ادائیگی کردی گئی ہے جس سے 1700 میگا واٹ بجلی کی پیداوار بڑھ جائے گی۔ اسلام آباد میں ملائیشیا کے سرمایہ کار وفد نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ گزشتہ ماہ حکومت نے زیر گردش قرضوں کیلئے 322 ارب روپے جاری کئے تھے اور اب مزید 158 ارب روپے جاری کردیئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زیر گردش قرضوں کے 23 ارب روپے باقی ہیں کیونکہ اس رقم کے بقایاجات کا تصفیہ ہونا باقی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ملائیشیا کے سرمایہ کاروں کو بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی۔ ملائیشیا کے سرمایہ کاروں نے بتایا کہ وہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے اس کی برآمدات وسطی ایشیا اور افریقا تک پہنچانا چاہتے ہیں۔