برطانوی شہزادہ ولیم بیٹے کے باپ بن گئے

Prince William

Prince William

لندن (جیوڈیسک) برطانوی شہزادہ ولیم کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن بیٹے کی ماں بن گئیں۔ برطانیہ کی ملکہ کو پڑپو تامل گیا، نومولود بچے کو پرنس آف کیمبرج کہا جائے گا۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون اور امریکی صدر باراک اوباما نے شاہی خاندان کو مبارکباد دی ہے۔

لندن کے سینٹ میری اسپتال میں برطانیہ کے تیسرے ولی عہد کی ولادت ہوئی۔ شہزادہ ولیم اورکیٹ مڈلٹن کے ہاں بیٹے کی پیدائش برطانیہ کے مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجکر 24 منٹ پر ہوئی۔ نومولود شہزادے کا وزن 8 پونڈ 6 اونس ہے۔ کینزنگٹن پیلس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے ماں اور بیٹا دونوں خیریت سے ہیں۔ کیٹ مڈلٹن آج رات اسپتال ہی میں قیام کریں گی۔

شہزادہ ولیم اسپتال میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ ہیں۔ انھوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچے کی پیدائش پران کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں۔ برطانوی شاہی خاندان کو تخت کا تیسرا وارث ملنے پر پورے برطانیہ میں جشن کا سا سماں ہے۔ جس وقت شہزادے کی پیدائش ہوئی سینٹ میری اسپتال کے باہر سیکڑوں افراد جمع تھے۔ جب اسپتال سے ایک لیموزین کار شہزادے کی ولادت کی سرکاری طور پر اطلاع لے کربکنگھم پیلس کے لیے روانہ ہوئی تو ہزاروں افراد سڑک کے دونوں جانب موجود تھے۔

جو اس خوشخبری پر والہانہ انداز میں جشن مناتے کار کے ساتھ ساتھ بکنگھم پیلس تک گئے۔ جہاں اس وقت بھی سیکڑوں کی تعداد میں لوگ جمع ہیں اورنئے ولی عہد کی دنیا میں آمد پر خوشیاں منا رہے ہیں۔ بچے کی ولادت کا باضابطہ اعلان بکنگھم پیلس کے باہر آویزاں کر دیا گیا ہے۔ جس کے مطابق ملکہ برطانیہ بیٹے کی پیدائش پر بہت خوش ہیں۔ شہزادہ چارلس کا کہنا ہے کہ وہ پوتے کی ولادت پر خوشی سے پھولے نہیں سمار ہے۔

برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے خوشی کے اس موقع پر اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ برطانوی قوم کی تاریخ میں اہم لمحہ ہے۔وہ ملکہ الزبتھ دوئم، شہزادہ چارلس، پرنس ولیم اور شہزادی کیٹ کو مبارک باد دیتے ہیں۔ شہزادہ ولیم اورکیٹ مڈلٹن کی شادی اپریل 2011 میں ہوئی تھی۔