کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے رہ نما حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت خیبر پختونخوا میں ناکام ہو چکی ہے، اسی لیے عمران خان ایم کیو ایم کی قیادت پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات آج کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
حیدر عباس رضوی نے کہا کہ تحریک انصاف الیکشن میں کیے گئے وعدے پورے نہیں کر رہی، وزیراعلی خیبرپختونخوا اپنی جماعت کی سربراہ کا حکم نہیں مان رہے، تحریک انصاف مشکلات کا شکار ہے اور وہ دہشت گردی روکنے میں ناکام ہو گئی، وہ اِس صورتحال سے نکلنے کیلئے تحریک انصاف الطاف حسین پربے بنیادا لزامات لگا رہی ہے اور زہرہ شاہدکی شہادت کوسیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، عمران خان کادعوی تھاکہ وہ الطاف حسین کولندن سے نکلوادیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان تعزیت کیلئے زہرہ آپاکے گھرتک نہ گئے،الزمات لگانے میں آگے ہیں،عمران خان پاکستان سے برطانیہ تک ایم کیو ایم پرالزمات لگا رہے ہیں،عمران خان اور تحریک انصاف ،الطاف حسین کے چاہنے والوں کی دل آزاری کر رہے ہیں،عمران خان نے الزامات لگا کر سیاسی نابلوغت کاثبوت دیاہے،قومی رہنماوں کو بردباری اور سمجھ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، عمران خان سندھ کے عوام کو مشتعل کرکے اس کاامن کیوں تباہ کرنا چاہتے ہیں۔