اسلام آباد (جوڈیسک) ایف آئی اے نے صوبائی حکومتوں، سرکاری اداروں اور کارپوریشنوں کو مراسلہ بھیجا ہے کہ ماتحت اداروں کے سربراہان کو پابند بنایا جائے کہ بجلی چوری کرنے والے تمام آلات فوری ہٹا دئیے جائیں اور بجلی کے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے،ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے وزیر اعظم کی ہدایات پر سرکاری اداروں اور کارپوریشنوں میں موجود بد عنوان عناصر کی سرکوبی کے ضمن میں یہ مراسلہ بھیجا ہے۔ ایف آئی اے نے تمام چیف سیکرٹریز۔
آئی جیز،سیکرٹری دفاع ، ایف بی آر، واپڈا، ریلویز، کے پی ٹی، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر اداروں کو یہ مراسلہ بھیجا ہے، اس مراسلے کو وارننگ قرار دے کر کہا گیا ہے کہ مجاز اتھارٹی متعلقہ محکموں کو پابند بنائیں کہ وہ بجلی کے واجبات کی بر وقت ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ مراسلے میں یہ بھی ہدایات کی گئی ہیں کہ متعلقہ محکموں یا اداروں میں اگر بجلی چوری کے کوئی آلات نصب ہیں تو انہیں فوری طور پر ہٹا دیا جائے۔