کوئٹہ میں کمیٹی برائے تعمیر نو و بحالی زیارت ریذیڈنسی کا اجلاس

Quetta

Quetta

کوئٹہ (جیوڈیسک) چیف سیکریٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد کی زیر صدارت کمیٹی برائے تعمیرنو وبحالی زیارت ریذیڈنسی کا اجلاس ہوا جس میں تکنیکی کمیٹی کی جانب سے پیش کی گئی سفارشات کی روشنی میں اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکریٹری نے ان اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زیارت ریذیڈنسی کی اصلی حالت میں بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

لہذا اس ضمن میں تعمیروبحالی کا کام جلد از جلد اور بروقت مکمل ہونا چاہیے۔ علاوہ ازیں اس سلسلے میں ریذیڈنسی کے لئے قائم کئے گئے ایڈوائزری بورڈ سے ہرسطح پر مشورہ اور ہدایات لی جائیں۔ اجلاس کے موقع پر کمیٹی کے ممبران اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔

یادرہے کہ قائداعظم ریذیڈنسی زیارت کو گذشتہ ماہ شرپسندوں نے اپنے ایک حملے میں نشانہ بنایا تھا جس کے بعد سابق چیف سیکریٹری بلوچستان مرزا قمر بیگ کی سربراہی میں مشہور آرکی ٹیکٹ، تاریخ داں اور انجینئرز پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی جس نے رواں ماہ کی 12اور 13 تاریخ کو تباہ شدہ ریذیڈنسی کا معائنہ کیا اور صوبائی حکومت کو اپنی ابتدائی سفارشات سے آگاہ کیا۔