مشترکہ مفادات کونسل اجلاس کل وزیراعظم کی صدارت میں ہو گا

PM Nawaz Sharif

PM Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈٰسک) مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس وزیراعظم میاں نوازشریف کی زیرصدارت کل اسلام آباد میں ہوگا ۔جس میں نئی قومی توانائی پالیسی پر صوبوں کے ساتھ مشاورت کی جائے گی، جبکہ ملک میں امن وامان کی صورت حال کا معاملہ بھی زیربحث آئیگا۔ وزیراعظم میاں نوازشریف کی زیرصدارت وزیراعظم آفس میں ہونے والے اجلاس میں چاروں صوبائی وزرا اعلی اور متعلقہ وزرا شریک ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ملک میں جاری توانائی بحران پر تفصیلی غور کیاجائیگا اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ضروریات اور ترجیحات کا جائزہ لیا جائیگا۔ اجلاس میں وفاق کی جانب سے تیار کردہ نئی قومی توانائی پالیسی پر صوبوں سے مشاورت اور ان کی آرا سے حتمی شکل دی جائیگی۔

توقع ہے صوبوں سے منظوری کے بعد وزیراعظم خود نئی توانائی پالیسی کا اعلان کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں ملکی امن وامان کی صورت حال پر زیر غور آئے گی اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل کے بارے میں مشاورت کی جائیگی۔