ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار محمود کو مداحوں سے بچھڑے 9 برس بیت گئے۔ 1932 میں ممبئی میں پیدا ہونے والے محمود علی نے محمود کے نام سے بھارتی فلم نگری میں قدم رکھا۔ابتدامیں چھوٹے موٹے کردار ادا کیے اورجلدہی ہدایتکاروں نے ان کے اندرکے فنکار کو پہچان لیا۔ 1965 میں بننے والی فلم بھوت بنگلہ سے انھیں مقبولیت ملی جس میں وہ اداکارہ تنوجا کے مدمقابل ہیروکے روپ میں جلوہ گر ہوئے۔
اس فلم کے ہدایتکار اور پروڈیوسر بھی وہ خود ہی تھے۔بالی وڈ میں کامیڈی ہیرو کے طور پر راج کرنے والے محمود نے 300 سے زائد ہندی فلموں میں کام کیا اور پڑوسن، لو ان ٹوکیو، بومبے ٹوگوا، پیار کیے جا جیسی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ 1972 میں محمود نے فلم بومبے ٹو گوا بنائی۔
جس میں پہلی بار امیتابھ بچین کو بطور ہیرو کاسٹ کیا اور خود بس کنڈیکٹر کا رول نبھایا۔ محمود نے1994 میں عامر خان اور سلمان خان کی مزاحیہ فلم انداز اپنا اپنا میں اہم کردار ادا کیا۔ دل کی بیماری میں مبتلا محمود علاج کے لیے امریکا چلے گئے جہاں 23 جولائی 2004 کو اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔