سپریم کورٹ (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے حکومت کو پندرہ ستمبر کیقریب بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے بلدیاتی انتخابات کے لئے قانون میں ترمیم کے لئے پندرہ اگست تک مہلت دی۔
تمام صوبے بلدیاتی اداروں کے قوانین کو جلد حتمی شکل دیں۔ قوانین کے نفاذ کے بعد بلدیاتی انتخابات پندرہ ستمبر یا اسکے دو ہفتے بعد کرائے جائیں۔ چیف جسٹس نے یہ حکم ملک میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق مقدمے میں دیا۔ اعلی عدالت نے بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے قانون میں ترمیم کے لئے تین ہفتے کی مہلت دی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ صوبوں کی مشکلات کے پیش نظر سماعت پندرہ اگست تک ملتوی کی جارہی ہے۔ ڈی جی الیکشن کمیشن شیر افگن کا بیان میں کہنا تھا کہ صوبوں کی جانب سے قوانین موصول ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کا کام شروع ہوگا۔ حلقہ بندیوں کے حوالے سے قانون سازی صوبوں کا کام ہے۔ یہ کام مکمل ہونے کے نوے دن کے بعد الیکشن کمیشن انتخابات کرائے گا۔ تاریخ کا اعلان قانون کے مطابق حکومت ہی کرے گی۔ بلدیاتی انتخابات انتظامی حوالے سے عام انتخابات سے زیادہ بڑا کام ہے۔