نواز شریف کی پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کی ہدایت

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کی کچھ شقوں میں ترمیم کی ہدایت کر دی۔ اختیارات کو نچلی سطح پر زیادہ سے زیادہ منتقل کرنے کا حکم دیدیا گیا۔ نئے نظام میں تھانہ اور پٹوار کلچر کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔

قانونی ترامیم کے لئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے میں مزید ایک دن تاخیر کردی گئی۔ پنجاب حکومت کی طرف سے مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نوازشریف کو لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے بارے میں دی جانے والی بریفنگ میں نوازشریف نے ہدایت کی ہے کہ نئے بلدیاتی نظام میں تھانہ اور پٹوار کلچر کو ختم کرنے کے لئے اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور اختیارات کو زیادہ سے زیادہ نچلی سطح پر منتقل کیا جائے۔

پنجاب حکومت نے نواز شریف کی ہدایت کی روشنی میں مسودہ قانون میں مزید بہتری کے لئے کام شروع کر دیا ہے اور اس ضمن میں پنجاب اسمبلی کا اجلاس اب چوبیس جولائی کی بجائے پچیس جولائی کو بلایا جائے گا۔ وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے تصدیق کی ہے۔

ایک دن تاخیر سے پچیس جولائی کو اسمبلی اجلاس بلانے کی سمری گورنر پنجاب کو بھجوائی جا رہی ہے۔ وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے بتایا ہے کہ میاں نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں وارڈ سطح پر اختیارات کی منتقلی اور پنجاب سسٹم کو مضبوط بنانے کے لئے قانون میں موثر اقدامات تجویز کیے جا رہے ہیں۔