آل نبی اور صحابہ نبی کے مزارات پر حملے کے ذمہ دار مسلم حکمران ہیں آل پاکستان مسلم لیگ
Posted on July 24, 2013 By Geo Urdu کراچی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) بی بی حضرت سیدہ زینب اور حضرت خالد بن ولید کے مزار ات پر حملوں کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید نے کہا ہے کہ مسلم حکمرانوں کی مفاد پرستی منافقت اور چالبازیوں و انتشار کے باعث آج پوری مسلم امہ دکھ اذیت تکلیف اور کرب سے دوچار ہے اور دنیا کا کوئی علاقہ ایسا نہیں جہاں مسلمان مطمئن خوش اور خوشحال و محفوظ ہوں۔ طاہر حسین نے کہا کہ آل نبی اور صحابہ نبی کے مزارات پر حملے کے ذمہ دار مسلم حکمران ہیں۔
جو آج بھی مسلم امہ کو متحد کرنے کی بجائے انہیں فرقہ فقہ لسانیت اور مسلک میں بانٹ کر اپنی حکمرانی و بادشاہت کی طوالت کیلئے سامراجی قوتوں کے آلہ کاروایجنٹ بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرف نے اپنی جرات متانت ذہانت اور بے غرضی کے باعث عالم اسلام کا مورال بلند کرکے سامراجی قوتوں کو کسی حد تک لگام ڈالی ہوئی تھی مگر مفاد پرست استحصالی ٹولے نے سامراجی خوشنودی کیلئے مشرف اور اس کی جمہوری حکومت کیخلاف بغاوت کرکے نہ صرف ملک و قوم کو نقصان پہنچایا۔
بلکہ مسلم امہ کے مخدوش مستقبل کی راہیں بھی ہموار کیں جن کے نتیجے میں آج پاکستان سے لیکر فلسطین تک دنیا کے ہر خطے میں مسلمان یہود و نصاری کے ظلم و بربریت کا شکار ہیں اور پاکستان سمیت تمام مسلم ریاستوں کے حکمران خاموشی یا کمزور احتجاج کے ذریعے سامراج کو ان مظالم کو جاری رکھنے کا عندیہ دے رہے ہیں۔