کراچی (جیوڈیسک) مرکزی بینک نے عید کے موقع پر عوام کو نئے نوٹوں کی فراہمی کے لیے اب تک 48 ارب روپے جاری کردیئے ہیں۔ مرکزی بینک کے جاری اعلامیئے کے مطابق مختلف شہروں میں اسٹیٹ بینک کے فیلڈ دفاتر میں 12 جولائی سے نئے نوٹوں کی ترسیل عوام کو جاری ہے۔ اس کے علاوہ لوگ کمرشل بینکوں سے 10 ، 20 اور 50 کے نئے نوٹوں کی گڈی اپنا شناختی کارڈ دکھا کر حاصل کر سکتے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق عوام کو نئے نوٹوں کی فراہمی عید کی تعطیلات ہونے سے پہلے تک جاری رہے گی۔ عوام کا کہنا ہے کہ مرکزی بینک ہرسال نئے نوٹوں کی فراہمی کے اعلانات تو کرتا ہے لیکن بہت کم خوش نصیب ہوتے ہیں جنہیں با آسانی کرارے نوٹ مل جاتے ہیں۔