اسلام آباد (جیوڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخوا کے ساتھ زیریں سندھ کے چند شہروں میں بارش کا امکان ہے۔ مون سون بارشوں میں خاصی کمی آ چکی ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات نے اگلے24 گھنٹوں میں کشمیر اور بالائی پنجاب میں اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور اور سرگودھا میں کہیں کہیں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں ہزارہ، کوہاٹ، پشاور مالاکنڈ اور ڈی آئی خان میں بھی بارش کی امید ہے۔ بلوچستان میں ڑوب اور قلات میں بھی بارش متوقع ہے۔زیریں سندھ میں ٹنڈوالہ یار، ٹنڈو محمد خان، بدین، مٹیاری، سانگھڑ اور میرپور خاص وغیرہ میں بھی تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔تاہم ملک کے دیگر حصوں میں موسم گرم رہنے کی امید ہے۔ آج سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی اور دالبندین میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔