اسلام آباد (جیوڈیسک) حضرت بی بی زینب اور حضرت خالد بن ولید کے مزاروں پر حملوں کے خلاف تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ آب پارہ چوک اسلام آباد پر کیے گئے احتجاجی مظاہرے کے شرکا نے حضرت بی بی زینب اور حضرت خالد بن ولیدکے مزاروں پر حملوں کے خلاف بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔
تحریک منہاج القرآن کے رہ نما عمر ریاض عباسی اور دیگر رہنماوں نے کہا کہ ایسے واقعات سے مسلمانوں کے جذبات مجروح کیے گئے ہیں ،ذمہ دار افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور دنیا بھر کے مسلمان اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کر کے پر امن احتجاج ریکارڈ کرائیں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں قران پاک کے بے حرمتی کے واقعات کی بھی مذمت کی۔