سپریم کورٹ (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے پالیسی بنانے کیلئے حکومت کو دس روز کی مہلت دے دی۔ مسعود جنجوعہ لاپتہ کیس میں پولیس نے بریگیڈئر منصور کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلئے۔
سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کیس میں سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو دس روز میں جامع پالیسی بنانے کا حکم دے دیا۔ وزارت داخلہ کے کرائسز منیجمنٹ سیل کی جانب سے پیش کی گئی حکومتی پالیسی پر مبنی دستاویز چیف جسٹس نے وصول کرنے سے انکار کر دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ حکومت کے لیے آخری موقع ہے پھر قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔
مسعود جنجوعہ لاپتہ کیس کی سماعت میں ایس پی پولیس نیعدالت کو بتایا کہ بریگیڈیئر منصورکی گرفتاری کے لئے وارنٹ حاصل کر لئے گئے ہیں۔ ایس پی پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹرعمران کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مسعود جنجوعہ کو ایک حراستی مرکز میں دیکھا گیا تھا۔ چیف جسٹس کے استفسار پر ایس پی پولیس نے بتایا کہ بریگیڈیئر منصور کے وارنٹ گرفتاری راولپنڈی کی ضلعی عدالت سے حاصل کئے گئے ہیں۔ کیس کی سماعت دو اگست تک ملتوی کر دی گئی۔