خیبر پختون خوا حکومت نے 2 ہزار ٹیچر بھرتی کرنے کی منظوری دیدی

KPK

KPK

پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختون خوا حکومت نے صوبے کے تعلیمی اداروں میں 2 ہزارایس ایس ٹی اسٹاف کی آسامیوں کی منظوری دیدی۔ گریڈ 15 کے پچاس فیصد اساتذہ کو ایس ایس ٹی گریڈ 16 میں ترقی دینے اور 50 فیصد نئے اساتذہ کو کمیشن کے ذریعے بھرتی کرنے کی تجویز ہے۔ محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق خیبر پختون خوا حکومت نے صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں کے لئے دو ہزار سے زائد ایس ایس ٹی گریڈ سولہ کی آسامیوں کی منظوری دیدی ہے۔

ان آسامیوں میں سے ایک ہزار 269 مرد اساتذہ، 567 خواتین اساتذہ بھرتی کی جائیں گی، جبکہ گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکولوں کیلئے 102 خواتین اساتذہ جبکہ بوائز ہائر سیکنڈری اسکولوں کیلئے 201 مرد اساتذہ کی منظوری دی گئی ہے۔ حکومت نے تجویز پیش کی ہے کہ ایس ایس ٹی گریڈ 15 کے 50 فیصد پرانے اساتذہ کو گریڈ سولہ میں ترقی دی جائے جبکہ 50 فیصد نئے اساتذہ کمیشن کے ذریعے بھرتی کئے جائیں۔