اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے حکم پر صدارتی انتخاب کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ بدھ کو الیکشن کمیشن نے ایک اعلی سطح کے اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں صدارتی انتخابات کا شیڈول 6 اگست سے تبدیل کرکے 30 جولائی کو کرانے کا اعلان کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 26 جولائی کو ہوگی اور امیدواروں کی حتمی فہرست 27 جولائی کو جاری کر دی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخاب کیلئے ایک ہزار بیلٹ پیپر چھپوائے جارہے ہیں اور بیلٹ پیپروں کی چھپائی کا کام 28 جولائی کو مکمل ہو جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ 29 جولائی کو قومی اسمبلی سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں بیلٹ پیپرز کی تقسیم کاکام مکمل ہو جائے گا اور بیلٹ پیپر کی ترسیل سخت سکیورٹی کے تحت ہوگی اور صدارتی بیلٹ پیپر خصوصی طیارے کے ذریعے صوبوں میں پہنچائے جائیں گے۔
صدارتی انتخاب کے دن چیف الیکشن کمشنر سیکرٹری سمیت دیگر الیکشن کمیشن کے حکام صدارتی انتخاب کے دن قومی اسمبلی سینیٹ اور چاروں صوبوں میں انتخابی پولنگ کا دورہ کریں گے۔ پولنگ کا وقت صبح 8 سے شام 5 بجے تک ہوگا اور انتخابی وقت ختم ہونے کے تین گھنٹے بعد چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم صدارتی انتخاب میں کامیاب ہونے والے امیدوار کا اعلان کریں گے۔