اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد اوگرا عملدرآمد کیس میں قومی احتساب بیورو نے توقیر صادق کی نیب ہیڈ کوارٹر سے فرار ہونے سے لیکر بیرون ملک سے گرفتاری تک کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔
چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ پراسیکیوٹر جنرل نیب کے کے آغا نے عدالت کو بتایا کہ ابھی تک چیئرمین نیب کی تقرری نہیں کی گئی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ چیئرمین نیب کے لیے ابھی تک کوئی نام سامنے آیا ہے۔ کے کے آغا نے بتایا کہ میڈیا رپورٹس سے معلوم ہوا ہے۔ چار معزز شخصیات کے نام سامنے آئے ہیں۔
عدالت نے کہا کہ پھر مقدمہ دس روز تک ملتوی کر دیتے ہیں۔ پراسیکیوٹر جنرل نیب نے عدالت سے مقدمہ اٹھارہ اگست تک ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی۔ نیب نے توقیر صادق کی واپسی پر اٹھنے والے اخراجات کی رپورٹ بھی جمع کرا دی۔ رپورٹ کے مطابق توقیر صادق کی واپسی پر 38 لاکھ روپے سے زائد اخراجات آئے وکیل کی فیس کی مد میں 13 لاکھ 44 ہزار روپے خرچ کیے گئے۔