پنجاب (جیوڈیسک) پنجاب میں مختلف سیکورٹی کمپنیوں کے نو ہزار سے زائد غیر تربیت یافتہ گارڈز خدمات انجام دے رہے ہیں۔ بیشتر کے پاس اصل اسلحہ لائسنس بھی نہیں ہے۔ صوبہ پنجاب کے بنکوں، منی چینجرز ، پرائیویٹ اسکولوں، کالجز ،ملٹی نیشنل کمپنیوں اور دیگر اداروں میں ایسے سیکورٹی گارڈز تعینات ہیں جو نہ صرف غیر تربیت یافتہ ہیں بلکہ وہ کسی اور کے اسلحہ لائسنس پر ڈیوٹیاں دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس وقت پنجاب میں تین سو چوالیس سیکورٹی کمپنیوں کے نو ہزار چار سو ستاون سیکورٹی گارڈز کے پاس سرے سے اسلحہ لائسنس موجود ہی نہیں جبکہ چار ہزار سے زائد کے پاس ناکارہ اسلحہ ہونے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ پنجاب نے سیکورٹی گارڈز کی جانچ پڑتال کے لئے اعلی سطح کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں حساس اداروں کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ کمیٹی ایسے گارڈز کے خلاف کارروائی کرے گی جو نہ صرف غیر تربیت یافتہ ہیں بلکہ کسی دوسرے کے اسلحہ لائسنس پر ڈیوٹیاں دے رہے ہیں۔