سکھر (جیوڈیسک) سکھر میں گزشتہ روز آئی ایس آئی دفتر پر حملوں کے بعد آج علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں سے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ سکھر کی بیراج کالونی میں گزشتہ روز آئی ایس آئی کے دفتر کو نشانہ بنائے جانے کے بعد شہر میں رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
بیراج کالونی اور ملحقہ علاقہ قناطیں لگا کر سیل کردیا گیا ہے۔ایس ایس پی سکھر عرفان بلوچ کے مطابق رات گئے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کر کے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس میں استعمال ہونے والی گاڑی کے ٹکڑے کئی کلو میٹر دور تک بکھرے ہوئے ہیں۔