اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے جس میں 12 نکاتی ایجنڈا زیر غور ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی سیاسی اور سلامتی کی صورتحال سمیت ملک میں جاری توانائی بحران کا معاملہ بھی زیر بحث ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 12 نکاتی ایجنڈا زیر غور ہے جس میں افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام کی نئی پالیسی اور ان کی وطن واپسی کی حکمت عملی پیش کی جا رہی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے سرکاری ملازمین کی دہری شہریت کے معاملے پر سمری بھی کابینہ میں زیر غور ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سرکاری ملازمتوں میں صوبوں کے کوٹہ سسٹم کی تقسیم کے طریقہ کار پر نظر ثانی کی سمری پر بھی غور کیا جا رہا ہے، اجلاس میں وزارت پیٹرولیم اور قطر کے درمیان ایل این جی کی درآمد کا معاہدہ بھی منظوری کے لئے پیش کیئے جانے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ اجلاس چین سمیت مختلف ممالک کے ساتھ تعاون کی یاداشتوں کی بھی منظوری دی جائے گی۔