وفاقی کابینہ نے افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام میں مزید دوسال تک توسیع کر دی، ملازمتوں میں صوبائی کوٹے کی مدت میں بھی 10 سال کی توسیع دے دی گئی۔ وزیر اعظم نوازشریف نے ہدایت کی ہے کہ کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم نوازشریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ کابینہ نے سرکاری ملازمت میں صوبوں کے کوٹے کی مدت میں مزید 10 سال کی توسیع کی منظوری دی۔ ملازمتوں میں کوٹے کا معاملہ پارلیمنٹ میں بھی زیر بحث لایا جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام کی ڈیڈ لائن میں 30 جون 2015 تک توسیع دے دی۔ اس معاملے پر وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ کی سربراہی میں کوآرڈینیشن کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جو ملک بھر سے افغان مہاجرین کا ریکارڈ اکٹھا کرے گی اور مہاجرین کی واپسی سے متعلق قومی پالیسی تیار کرے گی۔ کابینہ نے پولینڈ کے ساتھ توانائی اور آبی ذخائرکا معاہدہ موخر کر دیا۔
وفاقی کابینہ نے وزیر اعظم کے حالیہ دورہ چین کے دوران ہونے والے پاک چین معاہدوں اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بھی غورکیا گیا۔ کابینہ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے اراکین کو ہدایت کی گئی کہ وزیر اعظم آذاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں غیر جانبدار رہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کابینہ کو دورہ چین کے حوالے سے بھی اعتماد میں لیا۔