واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی ڈرون پروگرام پر تنقید کی وجہ سے پاکستان میں کئے جانے والے ڈرون حملوں میں کچھ کمی واقع ہو گئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک امریکی تھنک ٹینک کا کہنا ہے کہ ڈرون پروگرام پر تنقید کے تناظر میں پاکستان میں کئے جانے والے ڈرون حملوں میں کچھ کمی واقع ہو گئی ہے۔
نیو امریکا فانڈیشن کے مطابق پاکستان میں رواں برس محض 16 ڈرون حملے کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران 48، سال 2011 کے دوران 73 اور 2010 میں 122 ڈرون حملے کئے گئے تھے۔ امریکی خبر رساں ادارے نے انٹیلیجنس ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ خفیہ ایجنسی سی آئی اے کو ہدایات دی گئیں ہیں۔
وہ ان حملوں کے سلسلے میں زیادہ محتاط رہے اور ان حملوں کو اہم اہداف تک محدود رکھیں۔ امریکی انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق تین جولائی کو شمالی وزیرستان پر جو ڈرون حملہ کیا گیا تھا وہ نئی ہدایات کے مطابق تھا۔ اس حملے کے لیے 32 صفحات کی انٹیلیجنس رپورٹ تیار کی گئی تھی اور حملے میں 16 مشتبہ عسکریت پسند مارے گئے تھے۔