پاراچنار (جیوڈیسک) پاراچنار کے مرکزی بازارمیں 2 خود کش حملوں آج صبح مزید 7 زخمی دم توڑ گئے، جاں بحق افراد کی تعداد 57 ہو گئی، 187 زخمی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ کرم ایجنسی میں سوگ میں تما م بازار بند ہیں۔ تفصیلات اس رپورٹ میں رمضا ن المبارک کے سولہویں روزے کو افطار سے کچھ لمحے قبل کرم ایجنسی کا صدر مقام پاراچنار زور دار دھماکوں سے گونج اٹھا۔
2 خودکش بمباروں نے مین بازار میں خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس سے ہر طرف تباہی مچ گئی۔ دھماکوں کے خلاف ایجنسی بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ آج تمام بازار بند ہیں۔ دھماکوں میں زخمی ہونیوالے افراد کوہاٹ اور دیگرمقامی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جبکہ کئی زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیٹیکل ایجنٹ ریاض محسود نے ایجنسی ہیڈ کوارٹر اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی، ان کا کہنا تھا کہ ایک خودکش حملہ آور کا سر مل گیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پہلا خودکش حملہ آور کم عمر نوجوان تھا، جبکہ دوسرے حملہ آور نے اس وقت خود کو اڑایا جب پہلے دھماکے کے بعد بازار میں بھگدڑ مچی۔ گورنر خیبرپختون خوا انجینئر شوکت اللہ نے جاں بحق افرادکے ورثا کیلیے3/3 لاکھ اور زخمیوں کیلیے 1/1 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔