پی سی بی رمضان ٹی 20 کپ حبیب بینک نے جیت لیا

Habib Bank

Habib Bank

کراچی (جیوڈیسک) حبیب بینک نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں پاکستان انٹرنیشنل ائرلائن کو شکست دے کر پہلا پی سی بی رمضان کپ ڈپارٹمنٹل ٹی ٹوئینٹی ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فائنل کا ٹاس حبیب بینک کے کپتان یونس خان نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بینکرز نے عمران فرحت کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت بیس اوورز میں ایک سو اٹھاون رنز بنائے۔ قومی ٹیم سے ڈراپ ہو جانے والے عمران فرحت نے چھتیس گیندوں پر پینسٹھ رنز اسکور کئے۔ ان کی اننگز میں تین چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔ جواب میں پی آئی اے کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔تاہم فیصل اقبال، شہریار غنی اور سرفراز احمد نے مڈل آردڑ میں ذمہ داری سے کھیلا۔

آخری گیند پر انور علی کے چھکے کی بدولت قومی ائرلائنز کی ٹیم مقابلہ برابر کرنے میں کامیاب رہی۔ میچ کا فیصلہ سوپر اوور پر ہوا۔ جس میں پی آئی اے کے بیٹسمین کچھ نہ کرسکے اور حبیب بینک نے آٹھ رنز کا ہدف تین گیندوں پر حاصل کر لیا۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ پی سی بی ڈپارٹمنٹل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔

اس سے دنیا بھر میں ملک کا مثبت پیغام جاتا ہے۔ فیصلہ کن میچ کے موقع پر شائقین کرکٹ کی بھی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ جنہوں نے میچ کے ہر لمحہ کو بھرپور انجوائے کیا۔ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ڈپارٹمنٹس کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ہوا اور پی سی بی حکام اس کو کیلنڈر کا مستقل حصہ بنانے کیلئے پرامید ہیں۔