اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ بجلی چوری میں ملوث عملہ خیر منالے اور سیدھا ہو جائے، ورنہ سیدھا کرنا آتا ہے، تبادلہ بلوچستان کر دیا جائیگا۔ اسلام آباد میں ذرائع سے بات چیت میں وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ وزارت کا حلف اٹھاتے ہی انہوں نے بجلی چوری کے خاتمے کے مشن پر کام شروع کر دیا ہے۔
ضرور کامیابی ملے گی۔ وہ محکمے کی کالی بھیڑوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ وہ شیر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی چور عملے کا تبادلہ بلوچستان کر دیا جائیگا، سکھر الیکٹرک کے 6 اہلکاروں کا تبادلہ بلوچستان کیاجا چکا ہے۔ وہ بجلی چوروں کی فہرست لے کر جلد وزیر اعلی سندھ سے ملاقات کریں گے۔